65

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں عدالت نے فواد چوہدری کی یقین دہانی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ فواد چوہدری 20 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں اور الیکشن کمیشن کی کارروائی کی مصدقہ کاپی جمع کرائیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پٹیشنر کے وکیل نے بتایا قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل ہی نہیں ہوئی، پٹیشنر کے وکیل کامؤقف ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جانا چاہیے، وارنٹ گرفتاری معطلی کا آرڈر 20 جولائی کے بعد ازخود غیر مؤثر ہو جائے گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو 26 جولائی کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے جنہیں فواد چوہدری نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں